ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں پر نظر ثانی اگلے سال:سدرامیا

پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں پر نظر ثانی اگلے سال:سدرامیا

Wed, 30 Nov 2016 12:01:24    S.O. News Service

بنگلورو۔29؍نومبر(ایس او نیوز) وزیراعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ مارچ کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے ایک کمیشن قائم کیا جائے گا۔اس موقع پر پولیس والوں کی تنخواہوں پر نظر ثانی پر بھی غور وخوض کے بعد فیصلہ لیا جائے گا۔ آج اسمبلی میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے وقفۂ سوالات میں بی جے پی رکن سی ٹی روی کے سوال کا جواب دیتے وقت مداخلت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ سدرامیا نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ پولیس عملے کی تنخواہوں پر مناسب نظر ثانی کی جائے۔ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر یہ لوگ ریاست کے عوام کی حفاظت میں لگے رہتے ہیں۔ حال ہی میں حکومت نے ان کے بھتوں میں مناسب اضافے کئے ہیں۔تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے سینئر پولیس آفیسر راگھویندرا اورادکر کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ۔کمیٹی کی طرف سے دی گئی سفارشات کی بنیاد پر پولیس کانسٹبل سے سب انسپکٹروں تک کی تنخواہوں میں اضافی بھتوں کے ساتھ ماہانہ دو ہزار روپیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔یکم دسمبر سے یہ نئی شرح لاگو ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ فوری طور پر پولیس والوں کی تنخواہوں پر نظر ثانی ممکن نہیں ہوسکی۔ اسی لئے حکومت نے طے کیا ہے کہ اگلے سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ پولیس والوں کی تنخواہوں پر بھی نظر ثانی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ پولیس والوں کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے حکومت سے کسی نے مطالبہ نہیں کیا۔ حکومت نے اپنے طور پر یہ کمیٹی قائم کی اور بھتوں میں اضافہ کا فیصلہ کیا۔ اس مرحلے میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر اور سی ٹی روی نے کہاکہ پولیس والوں نے ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ہے،کیونکہ حکومت نے تنخواہوں پر نظر ثانی کے وعدہ کو وفا نہیں کیا ہے۔ صرف بھتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پولیس والوں کی تنخواہوں پر بھی نظر ثانی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے جواب دیا کہ پولیس والوں کی فلاح کیلئے حکومت فکر مند ہے۔اس کیلئے بی جے پی سے نصیحت حاصل کرنے کی حکومت کو کوئی ضرورت نہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ پولیس جوان مشکلات کا شکار ہیں۔ ان مشکلات کو دور کرنے کیلئے ضروری قدم اٹھائے جائیں گے۔ اس سے قبل سی ٹی روی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ گزشتہ چالیس سال سے پولیس والوں کی تنخواہوں پر نظر ثانی یا ان کے بھتوں میں اضافہ کی فکر کسی کو نہیں ہوئی، اب جبکہ موجودہ حکومت نے تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے اورادکر کمیٹی بٹھائی تو سب کو فکر ہونے لگی ہے۔ان کی دشواریاں کیا ہیں ان کا جائزہ لینے کی حکومت ہر ممکن کوشش کرر ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کانسٹبلوں کوسرویس کے 25سال مکمل ہوجانے پر بھی ترقی نہیں مل پاتی ، اس نظام کو ختم کرتے ہوئے ملک میں پہلی بار پولیس کانسٹبلوں کو سب انسپکٹر تک کے عہدہ پر پہنچنے کیلئے 30 سالہ سرویس میں تین مرتبہ پرموشن دینے کا طریق�ۂ کار متعارف کروایا گیا ہے۔ کمیٹی کی سفارش کے مطابق فی الوقت بھتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کو مکمل طور پر منظور کرنے کے بعد تنخواہوں پر نظر ثانی کے وعدہ کو وفاکیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی نے پولیس والوں کی تنخواہوں میں مجموعی طور پر اضافہ کی سفارش نہیں کی، بلکہ عہدوں کے مطابق ان کی شرحوں کا تعین کیا ہے۔


Share: